سعودی عرب: تمام شہروں میں اتوار کی صبح سے کرفیو ختم - My city Nizamabad | Info on History Culture & Heritage | Urdu Portal | MyNizamabad.com

20.6.20

سعودی عرب: تمام شہروں میں اتوار کی صبح سے کرفیو ختم


سعودی عرب : تمام شہروں میں اتوار کی صبح سے کرفیو ختم


 سعودی وزارت داخلہ نے ملک کے تمام شہروں میں کرفیو ختم اور معمولات زندگی بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق وزارت داخلہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’26 مئی کو جاری ہونے والے بیان اور صحت اداروں کی سفارشات کی روشنی میں سخت حفاظتی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے ملک بھر میں معمولات زندگی بحال کرنے کے امکانات پر غور کرنے کے بعد ایوان شاہی نے چند فیصلے کیے ہیں جن کی تفصیل درج ذیل ہے سعودی وزرت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق کل اتوار کو صبح 6 بجے سے تمام شہروں میں کرفیو ختم کیا جائے گا۔ تمام کاروباری سرگرمیاں بحال کی جائیں گی تاہم حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ اعلامیے کے مطابق ’عمرہ اور زیارت معطل رہیں گے، اس فیصلے پروقفے وقفے سے نظر ثانی ہوتی رہے گی۔‘ ’انٹر نیشنل پروازیں معطل رہیں گی، اسی طرح بری اور بحری حدود سے ملک سے باہر جانا یا باہر سے آنا ہدایت ثانی تک بند رہے گا۔‘ وزارت داخلہ کے مطابق ’اس بات پر تاکید کی جارہی ہے کہ کورونا وائرس کے انسداد کے لیے اختیار کی جانے والی حفاظتی واحتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر مقررہ سزائیں ہوں گی۔ وزارت داخلہ نے تمام شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور کاروباری طبقے سے حفاظتی تدابیر اور متعلقہ محکموں کی طرف سے ہدایات پر عمل کرنے کا کہا ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ تمام رہائشیوں کو چاہئے کہ وہ ’توکلنا‘ اور ’تباعد‘ ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کریں کہ ان دنوں میں وائرس کے انسداد کے لیے بنیادی ہدایات فراہم کی جاتی ہیں۔
<بشکریہ اردونیوز>

No comments:

Post a Comment