مکہ مکرمہ:حرم کے صحن کی صفائی صرف 45 منٹ میں
حرم مکی میں جہاں 24 گھنٹے طواف بیت اللہ جاری رہتا ہےاور یومیہ لاکھوں زائرین حرم میں آتے ہیں۔ جہاں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد و رفت رہے وہاں مستقل بنیادوں پر صفائی رکھنا یقیناً بہت مشکل کام ہے۔
ادارہ امور حرمین کی جانب سے حرم مکی میں روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والی صفائی کے بارے میں ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ طواف کرنے والوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا کیے بغیر کس طرح منٹوں میں پانچ لاکھ مربع میٹر رقبے کو دھو کر صاف کر دیا جاتا ہے۔
ادارہ امور حرمین کے مطابق حرم کے صحن مطاف میں جہاں روزانہ لاکھوں افراد طواف کعبہ کرتے ہیں کو دن میں کم سے کم چار باردھویا جاتا ہے۔ فرش کو دھونے کے عمل کا مکمل دورانیہ 45 منٹ کا ہے اس دوران پانچ لاکھ مربع میٹر فرش کو جراثیم کش ادویات سے دھونے کے بعد خوشبو والے محلول سے مہکایا جاتا ہے۔
حرم کے فرش کی دھلائی میں تین ہزار76 کارکن حصہ لیتے ہیں جو مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔ وڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ صحن مطاف اور حرم شریف کے دیگر مقامات کو دھونے اور صاف کرنے کے آپریشن میں 40 الیکٹریکل گاڑیاں اور 60 بجلی کے ویکیوم پمپس کے علاوہ فرش کو سکھانے کے بجل کے دسیوں آلات استعمال کیے جاتے ہیں۔
حرمین شریفین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صفائی کے کارکن اپنے کام میں اتنے ماہر ہیں کہ وہاں ہر وقت طواف کرنے والوں کو کسی قسم کی دقت و پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
انتہائی منظم انداز میں صحن مطاف کو دھونے کے بعد عرق گلاب اور دیگر اعلیٰ قسم کی خوشبو سے صحن کو معطر کیا جاتا ہے۔ صفائی کے اس عمل کی باقاعدہ نگرانی کی جاتی ہے جبکہ کارکنو ںکی ایک پارٹی زائرین اور صفائی کرنے والے مقام کو جدا کرنے کے لیے ڈیوائیڈر ربن لے کر کھڑے ہوتے ہیں تاکہ صفائی کے لیے استعمال ہونے والی مشنری سے زائرین متاثر نہ ہوں اور کام میں بھی کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو نے پائے۔
واضح رہے ماہ رمضان اور حج سیزن کے دوران صفائی کے اوقات میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے کیونکہ رمضان میں لاکھوں افراد حرم شریف میں افطاری اور سحری کا بندوبست کرتے ہیں۔
افطاری کے وقت جب کہ اذان اور اقامت کے درمیان وقت بہت کم ہوتا ہے اس دوران افطاری کرنے فوری بعد انتہائی مہارت اور چابکدستی سے کارکن صفائی کی مہم انجام دیتے ہیں جو واقعی ایک کارنامہ ہی ہے۔
(بشکریہ اردو نیوز)
No comments:
Post a Comment