ممتاز سماجی جہدکار: محمدعبدالشکور - My city Nizamabad | Info on History Culture & Heritage | Urdu Portal | MyNizamabad.com

7.1.21

ممتاز سماجی جہدکار: محمدعبدالشکور

اسلام انسانوں کے ساتھ پیار و محبت کا درس دیتا ہے، صحابہ کرا م ؓ اپنی ضرورتوں پر دوسروں کی ضرورتوں کو تر جیح دیتے تھے۔ عبادت صرف نماز، زکوٰۃ، روزہ اور حج کا نام نہیں بلکہ ہر معاملہ میں اطاعت الٰہی کا نام ہے، اطاعت میں حقوق اللہ اور حقوق العباد دونوں شامل ہیں۔قرآن و حدیث کے مطالعہ سے ثابت ہوتا ہے کہ اسلام میں خدمتِ خلق کا بڑا اجر ہے۔
** تم زمین والوں پر رحم کرو آسمان والا تم پر رحم کرے گا(ترمذی شریف)
 ** قوم کا سردار قوم کا خادم ہوتاہے (الجامع الصغیر للسیوطی) 
  مسلم شریف کی روایت ہے
 *** اللہ اپنے بندے کی مدد میں اس وقت تک رہتا ہے جب تک بندہ اپنے بھائی کی مددکرتاہے
 *** تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک مومن کامل نہیں ہو سکتا، جب تک کہ وہ اپنے بھائی کے لئے وہی چیز پسند نہ کرے         جو وہ اپنے لئے پسند کرتا ہے جو رحم نہیں کرتا ہے اس پر رحم نہیں کیاجاتا۔
*** مخلوق اللہ کا کنبہ ہے اور وہ شخص اللہ کو زیادہ محبوب ہے جوا س کے کنبے کے لئے زیادہ مفید ہو
 صحیح الجامع میں رسول اللہ ﷺ فرما یا:
 " لوگوں میں سے اللہ کے ہاں سب سے پسندیدہ وہ ہیں جو انسانوں لئے زیادہ نفع بخش ہوں۔
 ** اللہ کے ہاں سب سے پسندیدہ وہ ہیں جن سے مسلمانوں کو خوشیاں ملیں، یا ان سے تکلیف دور ہو۔یاان سے قرض کی ادائیگی ہو یا ان سے بھوکوں کی بھوک دور ہو ۔ میرے نزدیک کسی مسلمان بھائی کی ضرورت پوری کرنے کی سعی ایک ماہ مسجد میں اعتکاف بیٹھنے سے زیادہ پسندیدہ ہے۔
 خدمت خلق نہ صرف صالح معاشرہ کو فروغ دیتا ہےبلکہ محبت الٰہی کا تقاضہ ،ایمان کی روح اور دنیا وآخرت میں کامیابی کاذریعہ بھی ہے۔ صرف مالی اعانت ہی خدمت خلق نہیں بلکہ کسی کی کفالت کرنا،کسی کو تعلیم دینا،مفید مشورہ دینا، کوئی ہنر سکھانا،علمی سرپرستی کرنا،تعلیمی ورفاہی ادارہ قائم کرنا،کسی کے دکھ درد میں شریک ہونا اور ان جیسے دوسرے امور خدمت خلق کی مختلف راہیں ہیں۔
 خدمت خلق کے جذبے ہی سے سرشار محمدعبدالشکور اہلیانِ نظام آباد کے لئے محتاجِ تعارف نہیں ہیں۔ انہوں نے کئی ایک فلاحی کاموں کے ذریعہ نظام آباد میں مثال قائم کی ہے۔ نرم دمِ گُفتگو، گرم دمِ جُستجو کی وہ اعلیٰ مثال ہیں۔ موصوف 11 اپریل 1947ء کو جناب عبدالرحمٰن مرحوم کے گھر پرکٹ، تعلقہ آرمور، ضلع نظام آباد میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائی اسکول، آرمور سے حاصل کی بعد ازاں انگریزی میڈیم سے بی اے کی سند حاصل کی ۔ بحثیت رجسٹرار کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ گزیٹیڈ آفیسرکی حثیت سے سبکدوش ہوئے۔سماجی خدمات انجام دینے کا انہیں بچپن ہی سے شوق تھا۔ نظام آباد میں گنجان مسلم آبادی والے علاقہ احمد پورہ کالونی میں واقع مکہ مسجد کی تعمیر کے آغاز ہی سے یعنی 1983ء وہ انتظامی کمیٹی سے وابستہ رہے۔ آپ کی نگرانی میں دو منزلہ مسجد کی تعمیر عمل میں آئی۔۔ ابتدا میں مسجد میں صرف25مصلیان کی گنجائش تھی۔ 2000ء میں جب وہ سیکریٹری کے عہدے سے سبکدوش ہوئے تب مسجد میں 25/ہزار مصلیا ن بیک وقت ، با آسانی سے نما ز اد ا کرسکتے تھے۔
 عبدالشکور نے 2007ء میں سینئر سٹیزن ویلفر سوسائیٹی کا قیام عمل میں لا یا۔اورروزِ اول ہی سے بحثیت صدر غیر معمولی خدمات انجام دیں  ۔ جو قابل ستائش بھی ہیں اور قابلِ احترام بھی۔
 آپ کی زیرِسرپرستی سوسائٹی کے قوانین کے مطابق ہر تین سال میں انتخابات عمل میں لائے جاتے ہیں۔
 مکہ مسجد کے امام و خطیب کی حیثیت سے ممتاز عالم دین جناب ولی اللہ قاسمی صاحب مرحوم کو منتخب کیاتھا۔مولانا ولی اللہ قاسمی صاحب نے مکہ مسجد میں تفسیر قرآن کو متعارف کروایااور مرحوم نے مسلسل 37/سال تک ان خدمات کو بحسن خوبی انجام دیا۔
عبدالشکور کی نگرانی میں2007ء میں سوسائیٹی رجسٹرڈ کی گئی،اورتب سے لیکر آج تک بحیثیت صدر اپنی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔
 اس سوسائٹی کی بنیادی اسکیم میت فنڈ(کفن دفن) فی میت دو ہزار روپئے جو بلا لحاظ مذہب و ملت اد کی جاتی ہےاور اب تک دو لاکھ اسی ہزار2,80000روپئے تک کی امداد مستحق غریب افراد کو جاری کی گئی۔
 جب حکومت تلنگا نہ کی جانب سے آدھار کارڈ متعارف کیا گیا تھا سنیر سٹیزن سوسائٹی کی جانب سے آدھار سنٹر قائم کیا گیا اور بائیس ہزار 22,000افراد کو آدھار کارڈ جاری کئے گئے۔۔نظام آباد شہر کے کسی بھی دوسرے سنٹرس میں اتنی تعداد میں آدھارکارڈ جاری نہیں کئے گئے۔یہ سوسائٹی کی لئے ایک اعزاز کی بات ہے۔
 سوسائٹی کی جانب سے بچہ مزدوی (چائلڈلیبر)کے انسداد اور خاتمہ کے لئے اسکیم چلائی گئی۔ اسکول میں بچوں کی تعلیم وتربیت، دوپہر کاکھانے کے لئے دوہزار 2000روپئے ماہانہ، مفت  کتابیں اور اسکول کی یونیفارم  دس 10سال تک فراہم کئے گئے۔ بعد میں یہ اسکیم حکومت کی جانب سے بند ہوگئی۔
 انعامات و اعزازات:
*  ریاستی حکومت کی جانب سے 2013ء بہترین سماجی خدمات کےلئے ایوارڈ سے نوازاگیا۔
* اگست 2016 میں ضلع کلکٹر نظام آباد کی جانب سے ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ۔
 * محکمہ ضلع اقلیتی فلاح بہود کی طرف سے مولانا ابولکلام آزاد کی یوم پیدائش پر سرکاری قومی پروگرام میں ایوارڈ سے نوازاگیا۔
*  TESCCONحیدرآباد کی جانب سے ایوارڈ سے عطاکیا گیا۔ 
* انڈین نیشنل کانگریس پارٹی، سیکولر ٹائم کی جانب سے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
 * مقامی تنظیموں کی جانب سے کئی ایوارڈزدئیے گئے۔ 
* تلنگا نہ حکومت کی جانب سے وزیر اعظیم 15نکاتی پروگرام کے لئے ممبر منتخب کیا گیا۔

 موصوف نے مکہ ومدینہ، سعودی عرب بغرض حج وعمر ہ گیارہ مرتبہ اور دومرتبہ امریکہ کا بھی سفر کیا۔

***
مضمون نگار: مجید عارف نظام آبادی

No comments:

Post a Comment