تبسم فریدی : صحافی ادیب و سیاستداں - My city Nizamabad | Info on History Culture & Heritage | Urdu Portal | MyNizamabad.com

25.11.19

تبسم فریدی : صحافی ادیب و سیاستداں



الحاج تبسم فریدی(مرحوم) 

ادیب صحافی و سیاستداں


 نام غلام غوث خان المعروف تبسم فریدی۔ مرحوم نے 1970ء سے لمحہ آخر تک صحافتی خدمات انجام دیں، نظام آباد کی اردو صحافت کے سرخیل اورمیرکارواں تھے۔وہ ایک اچھے افسانہ نگار ادیب اورنامور اردو ہفتہ وار بلٹز کے کالم نگار بھی تھے- ان کی تحریروں کا دامن بہت وسیع سادہ اور جذبوں کی توانائی سے بھر پور ہونے کے ساتھ ساتھ ہماری اقدار کا ترجمان بھی ہے۔ نئی نسل کے لئے ان کی شخصیت مثالی ہے۔ادب و صحافت پر آپ کا کام نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہے۔ 

نظام آباد کی تہذیبی ادبی اور سماجی سرگرمیوں کے روح رواں تھے- اردو ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام اردو کے مسائل کے حل کی کوشش کی اور اردو کے فروغ کے لئے نمایاں خدمات انجام دیں- 2009 ء میں انہیں اُردو اکیڈیمی آندھرا پردیش کی جانب سے ان کی صحافتی خدمات پر محبوب حسین جگر کارنامہ حیات ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

 شہر نظام آباد میں دوست احباب کے ساتھ مل کر انہوں نے اُردو کی ترقی و فروغ کیلئے اُردو ایکشن کمیٹی قائم کی جس کے بیانرتلے انہوں نے گرلز جونیئر کالج اُردو میڈیم سیکشن جو گڑھی جونیئر کالج میں منتقل کرواکر اس وقت طالبات کیلئے کلاس رومس کی بھی تعمیر کروائی تھی ساتھ ہی ارباب مجاز سے نمائندگی کرکے گورنمنٹ گری راج ڈگری کالج میں اُردو میڈیم سیکشن کے قیام کے عمل میں لانے میں فعال رول ادا کیا تھا۔

ضلع نظام آباد میں اُردو کے فروغ کی نمائندگی کیلئے پیش پیش رہتے تھے۔ اُردو روزنامہ "نظام آباد ٹائمز" آپ کی ادارت میں 1989 ء سے جاری ہوا۔۔انہوں نے صحافت کی جو شمع روشن کی تھی وہ آج بھی کئی سال گزرنے کے باوجود ویسے ہی قائم و دائم ہے جیسے یوم آغاز پر تھی ان کے فرزند معروف صحافی جناب اشفاق احمد خان آج بھی انھی کے بتائے ہوئے اصولوںکے مطابق اخبار کو چلا رہے ہیں۔

  خدمات ایک نظر:

* صحافتی زندگی کا آغاز 1970 ء سے کیا۔
* ماہانہ تفریحات 1970 ء میں جاری کیا ۔
* 1972 ء میں ہفتہ وار اخبار "پرچم اتحاد" کا آغازکیا جو 1988 ء تک شائع ہوتا رہا ۔
* یکم / جون سے 1989 ء سے اُردو روزنامہ نظام آباد ٹائمز جاری کیا۔ 
*  روزنامہ رہنمائے دکن حیدرآباد، بلیٹز اُردو ممبئی، منصف حیدرآباد کی بھی نمائندگی کی۔
* صحافتی زندگی کے ساتھ بھی سیاسی زندگی کا ایک طویل عرصہ انہوں نے گذارا جس میں سب سے پہلے 1977 ء میں جنتا پارٹی کے ضلعی سکریٹری منتخب ہوئے بعدازاں 1980 ء میں کانگریس میں شامل ہوئے۔ 
* 1981 ء میں وقف بورڈ کے تحت چلائے جانے والے سید سعداللہ حسینی آئی ٹی آئی کے بانی سکریٹری مقرر ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ 
* 1986 ء میں مجلس اتحاد المسلمین میں شمولیت اختیار کی۔ ضلعی صدر کی حیثیت سے طویل عرصہ تک مجلس ضلع نظام آباد کی قیادت کی۔ 
* 1987 ء میں وہ رکن بلدیہ بھی منتخب ہوئے۔ 
* آپ17/ اکتوبر 2013 ء کو انتقال کر گئے۔

 محترم تبسم فریدی صاحب (مرحوم) نہ صرف صحافیوں بلکہ مذہبی،ادبی،سیاسی سماجی حلقوں میں بھی نہایت عزت و احترام کی نظر سے دیکھے جاتے تھے، ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلاء تا دیر پر نہیں ہو سکے گا۔ نظام آباد میں صحافت کی آبیاری اور حق گوئی کے باعث ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مضمون نگار: مجید عارف نظام آبادی

  ***

1972ء علی ساگر نظام آباد میں لی گئی یاد گار تصویر
 دائیں سے بائیں : جناب خالد بن علی، جناب حافظ ستار، جناب تبسم فریدی، جناب مظفرحسین، انجینئر محکمہ بلدیہ، جناب حافظ عبد الحمید ایڈوکیٹ، جناب عبد الرحیم، جناب صدیق خان کنٹراکٹر،جناب سید زاہدعلی، نرمل

 (تصویربشکریہ جناب اشفاق احد خان پاپا، ایڈیٹر روزنامہ "نظام آبادمارننگ ٹائمز")

No comments:

Post a Comment